کوٹ ادو (نمائندہ خصوصی) ضلع کوٹ ادو میں ایک گھر میں پراسرار دھماکے کے نتیجے میں 2 خواتین اور 2 بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کباڑ کا کام کرتے تھے، دھماکے کے وقت بھی کباڑ کی چھانٹی کی جا رہی تھی۔ریسکیو 1122کے مطابق واقعے میں 5 افراد جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے ہیں، جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، بعد ازاں، زخمی ہونے والا بچہ ہسپتال میں دم توڑ گیا تھا۔واقعہ کے بعد پولیس، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور متعلقہ سیکیورٹی اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں، پولیس کے مطابق دھماکے کی نوعیت کے بارے میں تحقیقات کی جارہی ہیں، یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ دھماکا کس چیز کا تھا۔ریسکیو نے جاں بحق اور زخمی ہونے والے شخص کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال (ڈی ایچ کیو) ہسپتال کوٹ ادو منتقل کردیا ہے۔مظفرگڑھ کے ڈسٹرکٹ پولیس افسر سید حسنین حیدر موقع پر پہنچے اور بتایا کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کا کوٹ ادو کے قریبی قصبہ دائرہ دین پناہ میں دھماکے کے نتیجے انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعلی محسن نقوی نے سوگوار خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور آئی جی سے افسوسناک واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔محسن نقوی نے ہدایت کی کہ واقعے کی تحقیقات کرکے حقائق سامنے لائی جائیں۔