اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)ارجنٹائن کی مسلح افواج کے چیف آف جوائنٹ سٹاف ٹینینٹی جنرل جوآن مارٹن پیلو نے اپنے وفد کے ہمراہ وفاقی وزیر دفاعی پیداوار محمد اسرار ترین سے وزارت دفاعی پیداوار راولپنڈی میں ملاقات کی۔وفد کو دفاعی پیداوار کے شعبے میں مختلف ممکنہ باہمی تعاون کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔پاکستان اور ارجنٹائن کے درمیان دوطرفہ تعاون کی اچھی تاریخ ہے اور ہم مثبت نتائج اور باہمی فوائد کے ساتھ دفاعی پیداوار کے شعبے میں ارجنٹائن کے ساتھ تعاون کے خواہاں ہیں ۔ یہ بات وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار نے وفد سے بات کرتے ہوئے کہی۔جنرل جوآن مارٹن پیلو نے پاکستان کی دفاعی پیداواری صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں دونوں ممالک دفاعی پیداوار کے شعبے میں وسیع تعاون کی اچھی صلاحیت رکھتے ہیں۔بریفنگ میں سیکرٹری وزارت دفاعی پیداوار لیفٹیننٹ جنرل (ر) ہمایوں عزیز اور دونوں ممالک کے متعدد اہم حکام نے شرکت کی۔