لاہور(نمائندہ خصوصی )۔قومی ایئرلائن کو صرف تین ماہ کی قلیل مدت میں 36 ارب 77 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا،نقصان میں بڑا حصہ دگنا ہوجانے والے فیول اخراجات کا ہے، فیول اور ڈالر مہنگا ہونے اور اخراجات پر قابو نہ پانے سے نقصانات میں اضافہ ہوا۔پی آئی اے نے مارچ 2023 کو اختتام پذیر سہ ماہی مالی نتائج جاری کردئیے۔رپورٹ کے مطابق جنوری تا مارچ 2023پی آئی اے کی آمدنی 59 ارب روپے رہی، گزشتہ سال کی سہ ماہی آمدنی کی نسبت رواں سہ ماہی آمدنی میں 24 ارب روپے اضافہ ہوا۔ پی آئی اے کو 3 ماہ میں قبل از ٹیکس 5 ارب کا گراس پرافٹ ہوا۔ترجمان کے مطابق تنخواہوں اور جاری اخراجات کی مد میں 28 ارب 55 کروڑ روپے خرچ کئے گئے، گزشتہ سہ ماہی میں پی آئی اے نے تنخواہوں اور جاری اخراجات کی مد میں 21 ارب روپے خرچ کئے تھے۔حکام کے مطابق مارچ 2023 کی سہ ماہی میں پی آئی اے نے 25 ارب 60 کروڑ روپے کا فیول خریدا، نقصان میں بڑا حصہ دگنا ہوجانے والے فیول اخراجات کا ہے، فیول اور ڈالر مہنگا ہونے اور اخراجات پر قابو نہ پانے سے نقصانات میں اضافہ ہوا۔پی آئی اے کا فی حصص نقصان 2 روپے 60 پیسے سے بڑھ کر 7 روپے 2 پیسے تک پہنچ گیا۔