لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے میڈیکل رپورٹ تیار اور جاری کرنے والے ڈاکٹرز کو بھی قانونی نوٹس بھجوا دیا۔چیئرمین تحریک انصاف نے جعلی میڈیکل رپورٹ، جھوٹے اور شرمناک پراپیگنڈے میں سہولت کاری کے معاملے پر وفاقی وزیر صحت کے بعد متعلقہ ڈاکٹرز کے خلاف بھی بھرپور قانونی چارہ جوئی کا آغاز کردیا ۔ اس ضمن میں چیئرمین تحریک انصا ف عمران خان کی منظوری سے پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج کو 10ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا گیا۔نوٹس عمران خان کے وکیل بیرسٹر محمد احمد پنسوٹہ کی جانب سے بھجوایا گیا ہے۔عمران خان کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر رضوان سے جعلی اور من گھڑت میڈیکل رپورٹ تیار کرنے پر 10 ارب ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کرتا ہوں۔نوٹس کے متن کے مطابق ڈاکٹر رضوان عمران خان سے غیر مشروط معافی مانگیں اور قومی و بین الاقوامی میڈیا میں نشر کریں، پروفیسر ڈاکٹر رضوان 14روز میں معافی مانگیں ورنہ قانون کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر رضوان کے خلاف ہتک عزت، دیگر دیوانی اور فوجداری قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ عمران خان کے نوٹس کے متن کے مطابق جعلی میڈیکل رپورٹ کی تیاری و اجرا پر ڈاکٹر رضوان کے خلاف مقدمہ درج کروایا جائے گا اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل سے بھی رجوع کیا جائے گا۔واضح رہے کہ تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وفاقی وزیرِ صحت عبدالقادر پٹیل کو 10 ارب روپے کے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا تھا ۔ عمران خان کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹس کے متن میں کہا گیا تھا کہ عبدالقادر پٹیل 15 روز میں اپنے الزامات واپس لیں اور فوری طور پر چیئرمین پی ٹی آئی سے غیر مشروط معافی مانگیں۔