اسلام آباد/لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان کے 3بڑے ایئرپورٹس کی سکیورٹی سے متعلق جانچ پڑتال کیلئے برطانوی سکیورٹی ایجنسی کا وفد پاکستان پہنچ گیا۔لاہور ، کراچی اور اسلام آباد کے ایئرپورٹس کے سکیورٹی آڈٹ کیلئے برطانوی سکیورٹی ایجنسی ڈی ایف ٹی کا وفد پاکستان پہنچا ہے جو اسسمنٹ پروگرام برائے انسپکشن کے تحت ایئرپورٹس کی سکیورٹی سے متعلق جانچ پڑتال کرے گا۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ڈی ایف ٹی کے وفد کو ایئرپورٹ پر کئے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی ہے ، برطانوی وفد نے اسلام آباد ایئرپورٹ کی سکیورٹی ، فلائٹ کچن، گرانڈ ہینڈلنگ سمیت دیگر شعبہ جات کا آڈٹ شروع کردیا ہے۔حکام کے مطابق برطانوی سکیورٹی ایجنسی کا وفد علامہ اقبال انٹرنیشنل اور کراچی ایئرپورٹ کی سکیورٹی سے متعلق بھی مکمل جانچ پڑتال کرے گا۔برطانوی ڈیپارٹمنٹ فار ٹرانسپورٹ کے وفد کے دورے کا مقصد اسلام آباد، لاہور اور کراچی سے براہ راست برطانیہ جانے والی پروازوں کی سکیورٹی کو جانچنا ہے اور اسے موثر بنانا ہے۔