اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہاہے کہ تین آدمیوں کو میرے قتل کا ٹاسک دے دیا گیا ہے ، میری جان کو خطرہ ہے ،موت اور حیات کی کشمکش میں ہوں، القادر ٹرسٹ کیس میں جھوٹی گواہی نہیں دے سکتا، ہمارے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور توڑ پھوڑ کی جا رہی ہے،چیف جسٹس آف پاکستان صورتحال کا نوٹس لیں ۔ اپنے ویڈیو بیان میں شیخ رشید احمدنے کہاکہ لوگ آسمان کے بعد سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہے ہیں،آپ نے بھی فیصلے نہ لئے تو ملک تباہ ہو جائیگا۔ سابق وزیر نے کہاکہ ریاست اور سیاست کو گندا کیا جا رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ 3 آدمیوں کو میری زندگی کے خاتمے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے،موت اور حیات کی کشمکش میں ہوں۔شیخ رشید احمد نے کہاکہ میں القادر ٹرسٹ کے ایجنڈے کے وقت موجود نہیں تھا۔ سابق وزیر نے کہاکہ مجھ پر ایک روپے کی کرپشن بھی ثابت ہو تو میں پیش ہونے کو تیار ہوں۔ انہوںنے کہاکہ چیف جسٹس کو بتانا چاہتا ہوں دھرتی پر ظلم ہو رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ چیف جسٹس آف پاکستان تمام صورتحال کا نوٹس لیں۔ انہوںنے کہاکہ میرا جینا حرام اور مشکل کیا جا رہا ہے۔ سابق وزیر نے کہاکہ میری شہزاد اکبر سے کبھی نہیں بنی،شہزاد اکبر کے ایجنڈے میں کبھی نہیں بیٹھا۔ انہوںنے کہاکہ جھوٹی گواہی دینے بہتر ہے موت کو ترجیح دوں۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں،ہمارے گھروں میں توڑ پھوڑ کی جا رہی ہے۔