کراچی(نمائندہ خصوصی)
گورنرسندھ نے ضلع سینٹرل میں شاہ ولی اللہ گرین بیلٹ ،الحمرا پارک دستگیر ،نورانی پارک انچولی اور فیملی پارک انڈہ موڑ کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر ، ڈپٹی کمشنر سینٹرل طہ سلیم سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے گورنر سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں 350چھوٹے بڑے پارکس ہیں اس ضمن میں ضلع انتظامیہ کے منصوبہ پورجیکٹ 100 کے تحت پارکس کی بہتری میں سے آج مزید چار پارکس مکمل کرلئے گئے ہیں اب منصوبہ کے باقی 28 پارکس پر بھی جلد کام مکمل کرلیا جائے گا ۔گورنرسندھ نے ڈپٹی کمشنر سینٹرل اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ پورجیکٹ 100 مزید وسعت حاصل کرے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرین بیلٹ اور پارکس کا افتتاح کرکے بہت خوشی محسوس کررہا ہوں اس وقت عوام کی سہولیات کے لئے بھرپور اقدامات یقینی بنائے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ محدود وسائل میں رہتے ہوئے عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی میرا وژن ہے ، آج سینٹرل کے مکینوں کے چہرے کھل اٹھے ہیں یہی ہماری بہت بڑی کامیابی بھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گرین بیلٹ اور تین پارکس کے قیام سے علاقہ کے لوگوں کو تفریح کے مواقع حاصل ہوں گے ۔ ایک سوال پر گورنرسندھ نے کہا کہ ضلع بھر میں تجاوزات اور غیر قانونی پورشنز کی تعمیر کے خلاف کارروائی کے لئے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت دی ہے ۔