کراچی(نمائندہ خصوصی)گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے بلوچستان اسمبلی کے سابق اسپیکر سید مطیع اللہ آغا نے گورنرہاﺅس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ، معاشی مشکلات ، سندھ اور بلو چستان کے مابین قریبی تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ باہمی تعاون میں اضافہ دونوں صوبوں کے مفاد میں ہے اس ضمن میں مختلف شعبوں میں وفود کے تبادلوں سے باہمی تعاون کو فروغ حاصل ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی صورتحال ہم سب کی توجہ کی متقاضی ہے ،9مئی واقعات کی پوری قوم نے مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے استحکام کی ضمانت مسلح افواج کی عمارتوں کو نشانہ بنانا ملک دشمنی ہے ۔ سابق اسپیکر مطیع اللہ آغا نے کہا کہ ان کے واقعات کے خلاف پوری قوم متحد اور مسلح افواج کے ساتھ ہے ۔