لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر وچیف آرگنائزر مریم نوازشریف سے آسٹریلیا کے پاکستان میں تعینات ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ملاقات کی ۔جاتی امراءرائے ونڈ میں آمد پر مریم نوازشریف نے آسٹریلیوی ہائی کمشنر کا استقبال کیا ۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات میں آسٹریلوی ہائی کمشن کی سیکنڈ سیکرٹری میری رابرٹسن بھی موجود تھیں۔اس موقع پر مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تاریخی شراکت داری رہی ہے، پاکستانی طالب علموں کی تعلیم کے لئے آسٹریلیا کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، تعلیم ، ثقافت، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں موجود پاکستانی دونوں ممالک میں تعلقات کی مضبوطی کا ایک ذریعہ ہیں، دوطرفہ تجارت کا فروغ دونوں ممالک کے تعلقات کی مزید مضبوطی کا باعث بن سکتا ہے، کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں میں مشترکہ سرگرمیوں سے نوجوانوں کو بہتر ماحول فراہم ہوسکتا ہے۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ دونوں ممالک کو تجارت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ مریم نواز شریف نے کورونا وبا کے دوران آسٹریلیا کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پاکستان کی مدد پر شکریہ ادا کیا ۔ آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے مریم نوازشریف کو پارٹی عہدے ملنے پر مبارک پیش کی ۔ آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نے ملاقات کے لئے وقت دینے پر مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔