کراچی(نمائندہ خصوصی)ہیٹ ویو کے خطرے کے پیش نظر آئندہ سال سے انٹر امتحانات ری شیڈول کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے اور چیئرمین کراچی بورڈ نے صوبائی وزیر تعلیم کو خط لکھ دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات مئی اور جون میں منعقد ہوتے ہیں تاہم موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ان مہینوں کے دوران ہیٹ ویو کے خطرات بڑھ گئے ہیں جس کے باعث آئندہ سال سے تمام تعلیمی بورڈ کے امتحانات ری شیڈول کرنے اور اپریل اور مئی میں لیے جانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔اس حوالے سے چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی پروفیسر سعید الدین نے صوبائی وزیر تعلیم سردار احمد کو خط لکھا ہے جس میں ہیٹ ویو کے خطرے کے پیش نظر آئندہ سال امتحانات اپریل مئی میں لینے کی تجویز دی گئی ہے۔چیئرمین تعلیمی بورڈ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ گرمی کی شدت سے طلبا اور منتظمین امتحانات کو مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔