کراچی(نمائندہ خصوصی)
اقوامِ متحدہ کے رابطہ برائے انسانی امور (UN-OCHA) کے ایک وفد نے کارلوس چھا کی قیادت میں پیر کے روز چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت سے سندھ سیکریٹری میں ملاقات کی جس میں سیلاب اور ديگر ہنگامی حالت سے نمٹنے اور حکومت اور بین الاقوامی تنظیموں کے درمیان رابطہ کاری، ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (DDMAs) اور PDMA کی صلاحیت کو بڑھانے کے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران، OCHA اور چیف سیکرٹری نے سیلاب اور ہنگامی حالت کے دوران اقدامات کو بہتر بنانے کی حکمت عملی پر غور کیا۔
ملاقات میں صوبائی حکومت اور بین الاقوامی تنظیموں، جیسے بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں (INGOs) اور اقوام متحدہ (UN) ایجنسیوں کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا تا کے کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر متاثرہ آبادی کو بروقت اور مناسب امداد مل سکے۔ ملاقات میں چیف سیکرٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے ضلعی سطح پر دستیاب وسائل اور آلات کی شناخت اور نقشہ سازی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وسائل کی ایک جامع انوینٹری بنائی جائے جس سے آلات، عملہ اور سہولیات کے موجودگی میں ضلعی حکام اپنی ہنگامی ردعمل کی صلاحیت کا بہتر اندازہ لگا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نقشہ سازی کی یہ مشق ہنگامی حالت کے وقت وسائل کے زیادہ موثر استعمال کے قابل بنائے گی اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ضرورت پڑنے پر ضروری آلات اور مدد آسانی سے دستیاب ہوں۔مؤثر ہنگامی ردعمل کے لیے ریسورس میپنگ کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے، OCHA وفد نے چیف سیکریٹری کو یقین دلایا کہ وہ اس کوشش میں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ یہ تعاون سندھ کے تمام اضلاع میں وسائل کی جامع فہرست سازی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے تکنیکی مہارت، رہنمائی اور تعاون پر مشتمل ہوگا