اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )تکبیر کے تاریخی دن، پاکستان کی جانب سے کیئے گئے ایٹمی تجربات کی سلور جوبلی کے موقع پر پاک فضائیہ پوری پاکستانی قوم کے عزم کو سلام پیش کرتی ہے۔ 28 مئی 1998 کے دن پاکستان نے بھارت کے اشتعال انگیز ایٹمی تجربات کے جواب میں ایٹمی دھماکے کرکے اپنی ایٹمی صلاحیت کا ثبوت دیا۔ پاک فضائیہ نے اس دوران اپنے سی-130 طیاروں کے ذریعے جوہری اور حساس آلات کو ٹیسٹ سائٹ تک پہنچایا اور قوم کی خودمختاری کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا جبکہ پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے ٹیسٹ سے قبل اور اسکے دوران فضائی سیکیورٹی فراہم کی۔ اس دوران پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے ہائی الرٹ پر رہے جبکہ ہمارے شاہین پائلٹس دشمن کی کسی بھی قسم کی جارحیت سے نمٹنے اور پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہمہ تن تیار تھے۔ پاک فضائیہ کو اس تاریخ ساز واقع کے دوران انتہائی اہم کردار ادا کرنے پر فخر ہے۔ اس تاریخی دن کی مناسبت سے پاک فضائیہ، پاکستان کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے اور اسکا ہر سپاہی یہ عہد کرتا ہے کہ وہ اسی لگن اور عزم کے ساتھ ملک کی فضائی سرحدوں کا دفاع جاری رکھے گا۔