اسلام آباد (نمائندہ خصوصی): پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے ملکی معیشت کے استحکام کیلئے بدھا سیاحت کے فروغ کو قومی ترجیحات میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے بدھ مقدس مقامات کی ہفتہ وار یاترا کرانے کا اعلان کیا ہے، انہوں نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے تشکیل کردہ گندھارا ٹورازم ٹاسک فورس کے سربراہ / وزیر مملکت کے طور پر جمعہ کے روز اسلام آباد میوزیم میں گوتم بدھا کی سالگرہ کے حوالے سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوتم بدھا امن و آشتی کا پیغامبر تھا، وہ شاہی خاندان میں بطور شہزادہ پیدا ہوا لیکن اس نے زندگی کا اصل مقصد کھوجنے کی خاطر آرام و آسائش کی زندگی کو خیرباد کہہ دیا، گوتم بدھا سے منسوب مقدس اسٹوپے ملک کے مختلف حصوں میں موجود ہیں، گندھارا سیاحت کو فروغ دینے کیلئے ٹاسک فورس نے ہفتہ وار یاترا کا پروگرام بنایا ہے جسکا آغاز آئندہ بدھ کو شاہ اللہ دتہ اسلام آباد میں بدھا غار کی یاترا سے کیا جائے گا جس کیلئے مختلف دوست ممالک کے سفارتکاروں، سول سوسائٹی اور میڈیا کو مدعو کیا جائے گا، اگلے مرحلے میں سوات، گلگت بلتستان سمیت دیگر مقامات کو زیرغور لایا جائے گا۔ ڈاکٹر رمیش کمار کے بقول گندھارا تہذیب کو صرف بدھ مت تک ہی محدود نہیں سمجھنا چاہیے کیونکہ اس زمانے میں دیگر مذاہب ہندو دھرم اور جین مت کے ماننے والوں کوبھی مکمل مذہبی آزادی حاصل تھی۔ اس موقع پر سیکرٹری ہیریٹیج فارینہ مظہر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سیاحت کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے کہا کہ گندھارا سیاحت کے فروغ سے پاکستان عالمی سیاحوں کی نظر میں ایک پرکشش سیاحتی ملک بن سکتا ہے۔ بدھا سالگرہ کی تقریب میں ٹاسک فورس کے سربراہ / وزیر مملکت ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی، سیکرٹری ہیریٹیج اینڈ کلچر فارینہ مظہر، ڈیپارٹمنٹ آف آرکیالوجی اینڈ میوزیمز کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عبدالعظیم، منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی آفتاب الرحمان رانا سمیت انڈونیشیا، نیپال، تھائی لینڈ سمیت سول سوسائٹی، اسٹوڈنٹس اور میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔