لاہور( نمائندہ خصوصی) پولیس نے جناح ہاؤس سے مور کی چوری میں ملوث ملزم عبداللہ کی ہلاکت کی خبر کو جھوٹی قرار دے دیا۔تفصیلات کے مطابق لاہورپولیس نے جناح ہاؤس سے مور کی چوری میں ملوث ملزم عبداللہ کی ہلاکت کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر ملزم کی ہلاکت کی خبر،تصویر جھوٹی،من گھڑت ،بے بنیاد ہے۔پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم کو کیمپ جیل لاہورمیں شناخت پریڈ کے لیے عدالتی تحویل میں دیا گیاتھا، ملزم عبداللہ دیگر قیدیوں کےساتھ محفوظ ہے،سپرنٹنڈنٹ جیل نے تصدیق کی ہےیاد رہے کور کمانڈر ہائوس پر حملے کے دوران مور چوری کرنے والے کو لاہور پولیس نے مری کے علاقے پھگواڑی سے گرفتار کیا تھا۔
خیال رہے کمانڈر لاہور اور جناح ہاؤس سے توڑ پھوڑ کرنے کے بعد قیمتی اشیاء چرانے والوں کی گرفتاری کا سلسلہ جاری ہے۔بیشتر شر پسندوں کی شناخت کر لی گئی ہے، جن میں دانش منیر، سعود، عدنان اشرف، فاروق زمان، علی حسن، چوہدری مسعود شامل ہیں۔شرپسندوں نے لاہور میں جناح ہاؤس جلایا، توڑ پھوڑ کی، اور قیمتی اشیا چوری کیں، جن کے خلاف قانون حرکت میں آیا۔