کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے قومی اسمبلی کے فنانس کمیٹی کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی قیصر احمد شیخ نے گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبہ سندھ میں وفاقی حکومت کے منصوبوں، ان پر پیش رفت اور عوامی فلاح وبہبود کے دیگر اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت کے منصوبوں سے صوبہ کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مدد مل رہی ہے، جبکہ گرین لائن بی آرٹی سے روزانہ ہزاروں لوگ سفر کرتے ہیں۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ کے فور اور دیگر منصوبوں کی تکمیل سے صوبہ کے عوام کو مزید بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ قیصر احمد شیخ نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبہ سندھ کے ترقیاتی منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل چاہتی ہے۔