لاہور(نمائندہ خصوصی )
پاکستان تحریک انصاف کے کئی رہنماؤں کے علیحدہ ہونے کے بعد اب فردوس عاشق اعوان نے بھی تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کردیا۔فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا پوری قوم نے دیکھا، ایک منظم سازش کے ذریعے زمان پارک سے منصوبہ بندی کی گئی جس کا مقصد قومی اداروں کی تضحیک کرنا تھا۔انہوں نے کہا کہ زمان پارک سے بیرونی ایجنڈے پر سازش تیار کی گئی، سازش کا مقصد غیر ملکی آقاؤں کو خوش کرنا تھا، سیاسی اختلافات کو ذاتی دشمنی اور عداوت میں بدل دیا گیا۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ گھر گھر میں پولرائزیشن کردی گئی، وزیراعظم ہاؤس کو ایک مخصوص ٹولے نے اپنی آماجگاہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیوں کو بھلایا نہیں جا سکتا، 9 مئی کے واقعات کی آزادانہ اور منصفانہ انکوائری کرائی جائے اور ملوث افراد کو عبرت ناک سزا دی جائے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیاست میں ایسا ماحول اور منظر کبھی نہیں دیکھا، 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتی ہوں، دہشت گرد اور شر پسند کارروائیوں کی وجہ سے پی ٹی آئی سے الگ ہو رہی ہوں، میرا سیاسی سفر جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ایک مخصوص ٹولے نے اداروں کی بے توقیری کی، عمران خان اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، عمران خان کا ایجنڈا ملک کے لیے زہر قاتل بن گیا ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان سب سے پہلے دوستوں کے لیے دشمن بنتے ہیں، پی ٹی آئی آج بند گلی میں جا چکی ہے، پی ٹی آئی کو بند گلی میں پہنچانے والے لاتعلقی کا اعلان کر کے سرخرو نہیں ہوسکتے۔