کراچی( کامرس رپورٹر )
پاکستان میں پہلی مرتبہ کراچی میں آن لائن ہوائی ٹیکسی سروس متعارف کروادی گئی ہے، جس کے بعد شہری اب فضائی سفر کے لیے اپنی مرضی کا وقت اورمنزل کا انتخاب خود کرسکیں گے۔ پاکستان میں اب آپ گھر بیٹھے ایک عام ٹیکسی کی طرح موبائل ایپ کے ذریعے ایریل ٹیکسی بھی بک کرواسکیں گے، جس کے لیے کراچی میں پہلی ہوائی ٹیکسی سروس متعارف کروادی گئی ہے۔
ڈی اے 40ڈائمنڈ سیریز ماڈل کے جہاز کی لیز کے معاہدے پردستخط کی تقریب کراچی ائرپورٹ سے متصل شہری ہوابازی کے ہینگرمیں ہوئی۔ اس موقع پر اسکائی ونگز ایوی ایشن کے سی او او عمران اسلم خان کا کہنا تھا کہ ایریل ٹورسروس کے لیے استعمال ہونے والا جہاز پاکستان پہنچ گیا ہےاورمذکورہ جہاز کی آزمائشی پروازبھی ہوگئی ہے۔سنگل انجن جہازمیں بیک وقت 4 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ ایریل ٹورکے ذریعے ہنگامی طورپرکراچی سے دیہی سندھ اوربلوچستان کے دورافتادہ علاقوں تک سروس حاصل کی جاسکے گی۔ 160کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتارسے اُڑنے والا جہازجرمن ساختہ ہے۔
طیارے کی سروس حاصل کرنے کے لیے باقاعدہ ایپ متعارف کروائی جائے گی۔ اس موقع پر اعلان کیا گیا کہ آئندہ 2 ہفتوں میں شہریوں کو یہ سروس دستیاب ہو جائے گی جس سے شہری موبائل ایپ کے ذریعے اپنی مرضی کا وقت اور منزل کا انتخاب خود کرسکیں گے۔کراچی سے سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں کے لیے چارٹر سروس 25 لاکھ روپے سے شروع ہوتی ہے جب کہ ایریل ٹیکسی کا کرایہ اس کے مقابلے میں کئی گنا کم ہوگا۔ ایریل ٹیکسی سروس کا آغازابتدائی طور پر مختلف گنجائش کے حامل 8 طیاروں سے کیا جا رہا ہے اور بعد میں مزید طیارے شامل کیے جائیں۔ایریل ٹیکسی سے سیاسی ،مذہبی اورکاروباری شخصیات کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد فائدہ اٹھاسکیں گے۔ عمران اسلم خان کا مزید کہنا تھا کہ سروس کے ذریعے گوادرکا سفرپونے 3 گھنٹے جب کہ نواب شاہ سواگھنٹے میں پہنچ سکیں گے۔ اسکائی ونگزایمبولینس سروس،ون ڈے پائلٹ اورہوابازوں کی تربیت پہلے سے کررہاہے۔اس منفرد سروس کے ذریعے انتہائی قلیل وقت میں کوئی بھی یہ خدمات حاصل کرسکتا ہے۔طیارہ جیٹ فیول ون کے ذریعے ایک بارری فیولنگ کے ذریعے 11گھنٹے مسلسل اڑان کا حامل ہے۔