کراچی (نمائندہ خصوصی)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے گورنرہاﺅس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں اسٹریٹ کرائمز پر کنٹرول کے لئے اقدامات، نگہبان کیمروں کے ذریعہ مانیٹرنگ سسٹم میں بہتری لانے اور کمیونٹی پولیسنگ کے مزید فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ مویشی منڈی کی سکیورٹی میں اضافہ کیا جائے،مویشی منڈی کے راستوں پر پیٹرولنگ بھی بڑھائی جائے۔ گورنر سندھ نے مزید کہاکہ کمیونٹی پولیسنگ میں مزید اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے،اس کے ذریعہ اسٹریٹ کرائمز پر کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ ملازمین کے باعث پولیس کی مجموعی کارکردگی خراب ہوتی ہے ، مجرم کو پولیس کا ڈر ہونا چاہئے، عوام کو نہیں پولیس کے امیج کو بہتر کرنا ہوگا تاکہ عوام اس سے بھرپور تعاون کریں ۔