اسلام آباد( نمائندہ خصوصی ) نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ملک میں ڈیجیٹل انقلاب کی راہ ہموار کرنے کے لئے ‘نشان پاکستان’ کے نام سے ایک نیا پلیٹ فارم متعارف کرایا ہے جس کی بدولت اپنا کاروبار کرنے والے نوجوان، سٹارٹ اپ اور انٹریپرینیور نادرا کی ڈیجیٹل آئی ڈی سہولیات سے بآسانی فائدہ اٹھا سکیں گے۔ نشان پاکستان کی جدت آمیز سہولت کا افتتاح کرتے ہوئے چیئرمین نادرا طارق ملک نے اس پروگرام کی نمایاں خصوصیات پر روشنی ڈالی اور اسے ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی کا ایک نیا تصور قرار دیا جس میں ادارے کے بجائے صارفین کو مرکزی حیثیت حاصل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ نشان پاکستان نادرا کی ایک مرکزی سہولت ہے جس میں کاروباری افراد کے لئے ایک "سینڈباکس” بنایا گیا ہے۔ ایک ‘اپلیکیشن پروگرامنگ انٹرفیس (اے پی آئی)’ کے ذریعے نجی کاروباری ادارے نادرا کو انتہائی محفوظ طریقے سے معلومات فراہم کر کے آن لائن بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
طارق ملک نے مزید کہا کہ اس بے مثال اقدام کی بدولت کاروباری ادارے ذاتی موجودگی کے بغیر بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے اور کاروبار کی ترقی کی لاتعداد نئی راہیں کھلیں گی۔ اوپن اے پی آئی نظام کا استعمال کرتے ہوئے کچھ کاروباری اداروں میں آزمائشی بنیاد پر یہ سہولت فراہم کی جا رہی ہے جس کی بدولت ڈیجیٹل آئی ڈی کا ایک شاندار ماحول پیدا کرنے کے نئے طریقوں کا جائزہ لینے کا موقع ملے گا۔ چیئرمین نادرا نے کہا کہ نشان پاکستان کی بدولت ملک میں نئی مارکیٹیں وجود میں آئیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی معیشت تبھی خوشحال ہوتی ہے جب ہم ایک خاص طرز کی جدت پر سرمایہ کاری کرتے ہیں، نئی مارکیٹوں کو جنم دینے والی جدت، جو ملکی معیشت میں تبدیلی کی شمع روشن کرتی ہے، روزگار اور منافع کے مواقع پیدا کرتی ہے، جن سے معاشرے میں عوامی خدمات کی فراہمی کے لئے فنڈز میسر ہوتے ہیں اور تبدیلی کا کلچر پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصل میں جدت اس شمع کو روشن کرتی ہے اور حکومت اس شمع کو روشن رکھتی ہے۔
طارق ملک نے کہا کہ کسی بھی ملک میں ڈیجیٹل انقلاب کی کامیابی کا انحصار اس بات پر ہے کہ ریاست اپنی خدمات کو اپنی نظر سے نہیں بلکہ شہریوں کی نظر سے دیکھے۔ نادرا اپنی تمامتر سہولیات اور خدمات میں شہریوں کو مرکزی حیثیت دیتا ہے جس کی بدولت یہی شہری ڈیجیٹل انقلاب کو مزید آگے بڑھا رہے ہیں اور ملک کو ڈیجیٹل پاکستان کے بام عروج کی طرف لے کر جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست اور شہریوں کے درمیان عمرانی معاہدے کو مضبوط بنانے کی سوچ ہمیں کاروباری شعبے کے ان طبقات کے لئے جدت آمیز خدمات متعارف کرانے کی طرف مائل کرتی ہے جن کی صلاحیتوں سے ابھی تک پوری طرح فائدہ نہیں اٹھایا گیا۔چیئرمین نادرا نے شناختی معلومات کی تصدیق کے لئے ملک میں اپنی طرز کے پہلے، جدید ترین، اور محفوظ پلیٹ فارم "نشان پاکستان” کی تیاری پر ادارے کی ٹیکنالوجی ٹیم کی انتھک کوششوں کو سراہا۔ نشان پاکستان کی سہولیات سے فائدہ اٹھانے کے لئے نشان پورٹل پر رجسٹریشن کے بعد آن لائن درخواست جمع کرائی جا سکتی ہے۔ درخواست پر مزید کارروائی کے لئے کاروباری ادارے کا پروفائل، شناخت کی تصدیق کی ڈیجیٹل خدمات کے مجوزہ استعمال کی معلومات، ایس ای سی پی رجسٹریشن، اقرار نامہ اور سی این آئی سی یا نائکوپ کی سکین شدہ کاپی بھی جمع کرانا ہو گی۔ اس سلسلے میں آن لائن ادائیگی کے لئے کریڈٹ/ ڈیبٹ کارڈ استعمال کیا جا سکتا ہے جبکہ منظوری کی کارروائی مکمل ہونے میں 10 سے 15 دن لگ سکتے ہیں۔ اس پلیٹ فارم کے بارے میں مزید تفصیلی معلومات اس کی ویب سائٹ: https://nishan.nadra.gov.pk/ سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔