کراچی(اسٹاف رپورٹر)۔کراچی پریس کلب کی جانب سے ممبر کراچی پریس کلب اور سینئر صحافی طاہر صدیقی کی کمشنر کراچی میراتھن 2023 میں مسلسل چوتھی بار پہلی پوزیشن حاصل کرنے منگل کی شام آئی ایچ برنی ہال کراچی پریس کلب میں تقریب پزیرائی کا اہتمام کیا گیا ۔ تقریب سے ترجمان سندھ حکومت اور مشیرقانون بیرسٹر مرتضی وہاب،کمشنرکراچی محمد اقبال میمن،ایڈمنسٹریٹرکراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن،ایڈیٹر روزنامہ ڈان ظفر عباس،سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد، صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی،سیکرٹری شعیب احمد اور طاہرصدیقی کی اہلیہ سمیت دیگر نے خطاب کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہاکہ سینئر صحافی طاہر صدیقی کا جذبہ قابل تعریف ہے کراچی پریس کلب کا شکر گزار ہوں کہ وہ اپنے ہیروز کو یاد رکھتے ہیں،ہم صحت کا خیال رکھیں گے تو مسائل کم ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ میری کراچی پریس کلب سے یادیں وابستہ ہیں اپنے والد صاحب کے ساتھ کراچی پریس کلب آیا کرتا تھا ۔ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ دوڑنے کی عادت کو حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے ایک صحتمند معاشرے کے لئے جسمانی ورزش اور واک ضروری ہے تاکہ بیماریوں سے بچا جاسکے ۔بیرسٹر مرتضی وہاب نے پریس کلب جمنازیم کے لئے دو ٹریڈ ملز دینے کا اعلان کیا جبکہ سینئر صحافی طاہر صدیقی کے لئے 50 ہزار روپے انعام کا بھی اعلان کیا۔ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب کو اسٹیج سے پیپلزپارٹی کے نامزد میئر کہہ کر مخاطب کیا گیا توانہوں نے کہاکہ تصحیح کرلیں کہ میں پیپلز پارٹی کا نامزد میئر کراچی نہیں ہوں ، پارٹی جیسے نامزد کرے گی وہی میئرکراچی ہوگا ابھی تک پارٹی نے نامزد نہیں کیاہے۔
اس موقع پر کمشنر کراچی ڈویژن اقبال میمن نے کہا ہے کہ کراچی شہر میں امن امان کے مسائل کی وجہ سے میراتھن ریس کی دوڑ کا فاصلہ مختصر کرنی پڑتی ہے اور کراچی پریس کلب کا صحافتی سرگرمیوں کے علاوہ اسپورٹس اور دیگر صحتمند سرگرمیوں میں اہم کردار ہونے کی وجہ سے کلب کا ممبر چار مرتبہ میراتھن ریس میں کامیاب ہوچکا ہے، اور شہریوں کو اپنی مدد آپ کے تحت محلوں میں اسپورٹس کلب کھولنا چاہیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہاکہ ہمارے یہاں ورزش کا رواج نہیں، روزانہ ورزش ہمیں خوشی اور ڈپریشن سے نجات دیتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ڈپریشن اور شوگر کا بہترین علاج ورزش ہے۔ورزش ضروری ہے لیکن شہری ورزش کریں تو کہاں کریں۔تین کروڑ کا شہر ہے ان کیلئے صرف 45 پارک ہیں۔فٹ پاتھ پربھی قبضے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں ایکسیڈنٹ میں سر کی چوٹ کی شرح سب سے زیادہ کیوں کہ چلنے کیلئے فٹ پاتھ نہیں ہیں۔شہر میں آبادی کے لحاظ سے فائر اسٹیشن نہیں ایک لاکھ آبادی کیلئے ایک فائر اسٹیشن ہونا چاہیئے۔ایڈمنسٹریٹرکراچی نے کہاکہ کمیونٹی کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ شہر میں موجود سہولتوں کی حفاظت کریں۔کراچی میں سبزہ صرف ایک فیصد ہے۔اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی نے طاہر صدیقی کو میراتھن میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی، انہوں نے کہاکہ کراچی پریس کلب اپنے اراکین کی کامیابیوں کو اجاگر کرتا رہا ہے اور ان کی پزیرائی کے لئے مختلف تقاریب منعقد کی جاتی ہیں۔ انہوں نے مشیر وزیر اعلی سندھ مرتضٰی وہاب کی جانب سے کراچی پریس کلب کے ہیلتھ کمپلیکس کے لئے ورزش کی مشینیں عطیہ کرنے پر شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ سندھ حکومت ترجیحی بنیادوں پر کراچی پریس کلب اور صحافیوں کے مسائل کو حل کرے گی۔ تقریب سے ایڈیٹر روزنامہ ڈان ظفر عباس , اہلیہ طاہر صدیقی اور اینکر پرسن جنید نے بھی خطاب کیا ، پروگرام کے اختتام پر صدر پریس کلب سعید سربازی اور سیکرٹری شعیب احمد نے مہمان خصوصی مرتضی وہاب سمیت تمام مہمانوں کو اعزازی شیلڈ پیش کیں