اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور سابق وفاقی وزیر شیری مزاری نے 9 مئی کے واقعات کے مذمت کرتے ہوئے پارٹی اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کردیا۔منگل کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 12 روز تک میرے اغوا اور رہائی کے دوران میری صحت کے حوالے سے اور میری بیٹی ایمان مزاری کو جس صورتحال اور ازمائش سے گزرنا پڑا، میں نے جیل جاتے ہوئے اس کی وڈیو بھی دیکھی جب میں تیسری جیل جارہی تھی تو وہ اتنا رو رہی تھی۔انہوںنے کہاکہ اس لیے میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں متحرک سیاست چھوڑ رہی ہوں، میں آج سے پی ٹی آئی یا کسی بھی سیاسی جماعت کا حصہ نہیں رہوں گی، میرے بچے اور میری والدہ میری ترجیح ہیں، اب میں ان پر زیادہ توجہ دوں گی۔سابق وفاقی وزیر شیری مزاری نے کہا کہ میں 9 مئی کے واقعات کے مذمت کرتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ ریاستی علامات جسے پارلیمنٹ، سپریم کورٹ اور جی ایچ کیو ان پر پرتشدد مظاہرے اور توڑ پھوڑ کی بہت زیادہ مذمت کرنی چاہیے اور میں 9، 10 مئی کے واقعات کی مذمت کرتی ہوں۔