کوئٹہ( نمائندہ خصوصی ) وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف سے گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے پیر کے روز گورنر ہاوس کوئٹہ میں ون ٹو ون ملاقات کی. علیحدگی میں ملاقات کے دوران اہم سیاسی اور انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا. گورنر بلوچستان نے وزیراعظم پاکستان کو وقوع پذیر ہونے والی تبدیلیوں، گوڈ گورنینس کو یقینی بنانے، پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے مالی و انتظامی حالات، جاری ترقیاتی منصوبوں اور دیگر اہم امور و معاملات سے آگاہ کیا. علاوہ ازیں گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان نے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کا صوبائی دارالحکومت میں خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کہ جب سے آپ وزیر اعظم پاکستان بنے ہیں آپ نے بلوچستان میں سیلاب زدگان میں امدادی کارروائیاں، امن و امان کی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کر رکھی ہے. گورنر بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں غربت اور پسماندگی کے خاتمے اور خاص طور پر نوجوان نسل کو اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے میں ہمیں وفاقی حکومت کی مدد اور رہنمائی کی اشد ضرورت ہے. دونوں رہنماؤں نے مرکز اور صوبہ کے تعلقات کو مزید خوشگوار بنانے اور مسلسل رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا.