جہلم ( نیٹ نیوز)شادی کسی کی بھی زندگی کا یادگار ترین دن ہوتا ہے جس کو ہر شخص منفرد بنانا چاہتا ہے جہلم میں ایک ایسی شادی ہوئی جہاں باراتیوں نے جہاز سے ڈالر برسائے۔شادی کسی کی بھی زندگی کا یادگار ترین دن ہوتا ہے جس کے وہ سپنے برسوں دیکھتا ہے اور جب وہ دن آتا ہے تو چاہتا ہے کہ اپنی تمام خوشیاں پوری کرکے اسے زندگی کی ایک حسین یاد بنا دے۔ دولہا اور دلہن کے ساتھ کئی والدین بھی اپنے بچوں کی شادیوں کو یادگار بنانے کی خواہش رکھتے ہیں۔
ایسا ہی ہوا ہے جہلم میں جہاں ایک خاندان نے اپنے بیٹے کی بارات میں نوٹوں صرف پاکستانی نہیں بلکہ امریکی ڈالر کی برسات کردی اور باراتی سمیت اہل علاقہ ڈالر لوٹنے کے لیے ٹوٹ پڑے۔ اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس نے پاکستان کے ساتھ دنیا بھر کی توجہ حاصل کرلی ہے۔یہ شادی جہلم کی تحصیل سوہاوہ کی ہے جہاں دولہا اور اس کے رشتے داروں نے دل کھول کر رقم لٹائی اور صرف یہی نہیں بلکہ انہوں نے امریکی ڈالر اور برطانوی پاؤنڈ لٹانے کے لیے ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا اور وہاں سے بریف کیس میں بھرے نوٹ برسائے۔
دولہا جو کہ برطانیہ میں مقیم ہے شادی کی غرض سے دُلہن لینے ہیلی کاپٹر کے ذریعے پاکستان شادی کی تقریب میں پہنچا۔اس شاندار تقریب کے دوران دولہے کے اہل خانہ نے شادی کے مہمانوں پر ڈالرز اور پاؤنڈز کی بارش کی اور دولہے کو ڈالرز اور پاؤنڈز سے مزین ہار بھی پہنایا۔
اس شاندار بارات کا نظارہ دیکھنے اور ڈالروں وپاؤنڈز لوٹنے کے لیے عوام کی بڑی تعداد جی ٹی روڈ پر امڈ آئی، گھڑ ڈانس کا مظاہرہ ہوا۔ مہمانوں کی تواضع مختلف اقسام کے کھانوں سے کی گئی۔ یہ شادی سوہاوہ کی تاریخ کی مہنگی ترین شادی تصور کی جارہی ہے۔رخصتی کے بعد دولہا اور دلہن نے گھر روانہ ہونے سے قبل ہیلی کاپٹر پر سوار ہوکر شہر کے گرد چکر بھی لگایا۔
مذکورہ ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کے تبصرے جاری ہیں جب کہ ویڈیو پوسٹ کرنے والے صارف نے ویڈیو کو اس کیپشنے ساتھ شیئر کیا ہے کہ ڈیفالٹ کے دہانے کھڑے پاکستان میں شادی میں ڈالروں کی برسات۔