کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے جن نظریات پر پاکستان کی بنیاد رکھی ان کے خلاف 9مئی کو گہری سازش کی گئی، انہوں نے کہا کہ ریاست پاکستان کو قائد اعظم ؒ کے رہنما اصولوں پر ہی قائم رکھا جائے گا اور اس کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم کا افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کرنا عوام کا اپنی مسلح افواج سے محبت کا ثبوت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاﺅس میں منعقدہ پاکستان یکجہتی کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ کانفرنس میں ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمان، جامعتہ الرشید کے سرپرست اعلی مفتی عبدالرحیم، وائس چانسلر کراچی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، وائس چانسلر این ای ڈی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی، وائس چانسلر ڈاﺅ یونیورسٹی پروفیسر محمد سعید قریشی، وائس چانسلر شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لاءجسٹس (ریٹائرڈ) رانا محمد شمیم، الغزالی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ذیشان، ضیاء الدین یونیورسٹی کے وائس چانسلر سید عرفان حیدر، اقراءیونیورسٹی کے وائس چانسلر وسیم قاضی، جامعہ بنوریہ عالمیہ سائٹ کے مہتمم مفتی نعمان نعیم، ڈاکٹر ظفر شیخ، آفتاب شیخ، آدم خان ، ہما شریف اور وحید عثمانی کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ گورنر سندھ نے وائس چانسلر کی آمدپر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 5سے8سال کے بچوں کو حب الوطنی کی تعلیم و تربیت موثر طریقہ سے دی جاسکتی ہے ، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ہائر ایجوکیشن کی طرز پر صوبہ میں پرائمری ایجوکیشن کمیشن تشکیل دینے کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ کو خط لکھا ہے، انہوں نے کہا کہ جلد گورنر ہاﺅس میں مفتی عبدالرحیم کی تجویز کے مطابق ملکی صورتحال، اس کے مضمرات اور مستقبل کی پیش بندی کے سلسلہ میں پورے دن کی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان یکجہتی کانفرنس کے انعقاد کا مقصد بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ کو خراج تحسین پیش کرنا اور افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ پاک افواج نے نہ صرف ہمیشہ مشکل وقت میں پوری قوم کی حفاظت کو یقینی بنایا ہے بلکہ قدرتی آفات میں بھی قوم کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جانا ضروری ہے، تاکہ آئندہ کسی کو اس قسم کی حرکت کرنے کی جرات نہ ہوسکے، انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے اپنے اتحاد سے قومی یکجہتی ، سا لمیت اور خود مختاری کو پارا پارا کرنے کی کوشش کو مسترد کردیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاک فوج کی مضبوطی میں ہی ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام مضمر ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں، انہوں نے کہا کہ ملک میں انارکی پھیلانے والوں کو حساب دینا ہوگا ، پی ٹی آئی کے سربراہ کے علاوہ کسی نے فوج کو سیاست میں نہیں گھسیٹا، عمران خان کی پالیسیوں کے باعث ان کے قریبی ساتھی بھی ان کا ساتھ چھوڑتے جارہے ہیں، ان کی سیاست نے ملک کو معاشی طور پر مشکلات کا شکار کردیا ہے ، اور ملک کا سیاسی عدم استحکام معیشت پر اثر انداز ہورہا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ سب سے پہلے پاکستان ہم سب کا نعرہ ہونا چاہئے، انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج پوری قوم کے ماتھے کا جھومر ہے۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ملک کا مستقبل آپ کی جامعات میں تعلیم حاصل کررہا ہے، انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کے خلاف کسی بھی سازش کی صورت میں سیسہ پلائی دیوار کا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ آج ہم سب عہد کریں کہ وطن عزیز میں کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پاک افواج ہماری سلامتی کی آہنی دیوار ہے اور ہم سب اپنی مسلح افواج سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ جامعتہ الرشید کے سرپرست اعلیٰ مفتی عبدالرحیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کے لئے سیاسی، معاشی اور فوجی استحکام درکار ہوتے ہیں، پاکستان پہلے ہی سیاسی و معاشی عدم استحکام کا شکار ہے اب 9مئی کو فوجی استحکام کے خلاف سازش کی گئی، انہوں نے تجویز دی کہ قومی نصاب میں آئین پاکستان اور قومی اداروں کے احترم پر مبنی مضامین شامل کئے جائیں، انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کا مکمل جائزہ لینے کے لئے ایک مکمل دن کی نشست رکھی جائے اور تمام صورتحال اور اس کے محرکات پر سیر حاصل بحث کی جائے۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ 9مئی کے واقعات پاکستان کی سا لمیت اور استحکام کے خلاف سازش تھے، انہوں نے مزید کہا کہ جامعات میں برداشت کو فروغ دینے کی تربیت ضروری ہے تاکہ نوجوان کسی بھی صورت میں جلاﺅ گھراﺅ کی سیاست میں ملوث نہ ہوں، انہوں نے قومی دنوں کو مزید شایان شان طریقہ سے منانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈاﺅ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر سعید قریشی نے کہا کہ 9مئی جیسے واقعات پاکستان کی تاریخ میں کہیں نہیں ملتے جب ملک کی سلامتی کے محافظ اداروں کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں سوشل میڈیا کے ذریعہ اپنے پیغام کو نوجوانوں تک پہنچاتی ہیں، حکومتی اداروں کو بھی ایسا ہی کرنا چاہئےے۔ وائس چانسلر این ای ڈی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے کہا کہ جو واقعہ 9مئی کو پیش آیا اس نے ہمیں جڑ سے ہلا دیا ، ہم توقع بھی نہیں کرسکتے تھے کہ ایسا ایک واقعہ رونما ہوگا ، انہوں نے مزید کہا کہ اٹھارہ سے بائیس سال کے بچوں کے ہم ذمہ دار ہیں، جو واقعہ پیش آیا اس سے بہت رنج پہنچا۔ ڈاکٹر ضیاءالدین یونیورسٹی کے وائس چانسلر سید عرفان حیدر، ڈی ایچ اے یونیورسٹی کے وائس چانسلر افضل حق ، اقراءیونیورسٹی کے وائس چانسلر وسیم قاضی اور دیگر نے بھی پاکستان یکجہتی کانفرنس سے خطاب کیا۔