کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سیلانی روزگار ایکسپو میں شرکت کی۔ اس موقع پر سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ سے وابستہ افراد بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ سیلانی کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ، کیونکہ یہ دکھی انسانیت کی خدمت کا فریضہ سرانجام دے رہا ہے، انہوں نے کہا کہ مولانا بشیر فاروقی کی سرپرستی میں سیلانی نے کارہائے نمایاں انجام دئے ہیں جن کی مثال ملنا مشکل ہے، مولانا بشیر فاروقی اپنی ذات میں انجمن کی حیثیت رکھتے ہیں۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ عوام کے لئے دسترخوان کا انتظام اور رمضان میں سستے بچت بازار سیلانی کے کارہائے نمایاں ہیں، سیلاب متاثرین کی امداد ، دیگر قدرتی آفات میں گھرے افراد کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کی کاوش میں بھی سیلانی سرفہرست ہے، انہوں نے مزید کہا کہ یہ ادارہ ہر شعبہ میں ذاتی مفاد اور نمود و نمائش سے بالا تر ہوکر انسانیت کی خدمت انجام دے رہا ہے اور روزگار ایکسپو بھی سیلانی کا ایک ایسا کارنامہ ہے جو اپنی مثال آپ ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ہر سال روزگار ایکسپو کے ذریعہ کئی لوگوں کو روزگار میں مدد اور معاشرے میں عزت کے ساتھ رہنے کے قابل بنانا قابل تعریف عمل ہے، روزگار ایکسپو کے ذریعے لوگوں کو رکشہ، موٹر بائیک ، ٹھیلے ، فنگر چپس مشینوں کی فراہمی بھی قابل تحسین عمل ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ 9مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، اس دن ملک کے استحکام اور سا لمیت کے خلاف سازش کی گئی، قائد اعظم ہاﺅس اور فوجی عمارتوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا، اس عمل سے عمران خان کی سیاست ختم ہوچکی ہے۔ گورنرسندھ نے کہا کہ آئےے مل کر عہد کریں کہ ملک دشمنوں کی ہر سازش کو ناکام بنادیں گے، گورنر سندھ نے کہا کہ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم تمام پاکستانیوں کو بشیر فاروقی جیسی مخلصی اور خدمت کرنے کا جذبہ عطا فرمائے، انہوں نے مزید کہا کہ سیلانی کے منصوبوں میں جس قدر مجھ سے ممکن ہوسکا مدد کروں گا۔