فیصل آباد( نمائندہ خصوصی )9 مئی کو فیصل آباد میں حساس ادارے کے سامنے احتجاج توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعات میں پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کا نام شامل کرکے گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد 9 مئی کو فیصل آباد میں حساس ادارے کے سامنے احتجاج، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعات پر پولیس نے ضمنی رپورٹ پیش کر دی ہے جس میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما فرخ حبیب کا نام شامل کر دیا گیا ہے۔پولیس کی جانب سے ان واقعات کی پیش کردہ ضمنی رپورٹ میں سابق ایم این اے چوہدری نثارجٹ، پی پی 118 سے ٹکٹ ہولڈر ندیم آفتاب سندھو کے علاوہ 95 دیگر ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار70 ملزمان کے 161 کے بیان کے بعد 95 ملزمان کے نام شامل کیے گئے ہیں۔ تھانہ سول لائن میں 300 نامعلوم افراد کے خلاف ایس ایچ او کی مدعیت میں مقدمہ درج ہے جب کہ انسداد دہشتگردی کی عدالت 70 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا چکی ہے اس کے علاوہ گرفتار ملزم علی رضا بلال 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس حرست میں ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما فرخ حبیب، ڈاکٹر نثار جٹ سمیت تمام ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔