اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماوں نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی زوم میٹنگ میں امریکی رکن کانگریس سے کی جانے والی باتیں تشویشناک ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ (ن) عطاءتارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے شر پسندوں نے جناح ہاوس پر حملہ کیا، پی ٹی آئی شرپسندوں نے شہدا کی یادگاروں کو جلایا، حملے کے ثم وقت عمران خان کی بہنیں جناح ہاوس کے باہر موجود تھیں، ہمیں اپنے شہدا کی قربانیوں پر فخر ہے۔ عطاءتارڑ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی امریکی کانگرس خاتون سے گفتگو سامنے آچکی ہے، عمران خان نے جس طرح امریکا سے مدد مانگی ہے انہیں شرم آنی چاہیے، ہم تمام ممالک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ لیگی رہنما ملک محمد احمد خان نے کہا کہ جمہوری رویے رکھنے والے افراد کو گرفتار نہیں کیا جا رہا، 9 مئی کے حملوں میں ملوث افراد کو شواہد کی بنیاد پر گرفتار کیا جا رہا ہے، جن پارٹی ارکان کا واقعات سے تعلق نہیں ان کو گرفتار نہیں کیا گیا، عدلیہ کے اندر تقسیم بدقسمتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جس ملک پر سائفر کا الزام لگایا آج اسی سے مدد مانگ رہے ہیں، عمران خان نے سفارتی تعلقات کو نقصان پہنچایا، عمران خان نے عوام کو قومی اداروں کے خلاف اکسایا، بدتہذیبی اور نفرت کو فروغ دیا اور ملک کی معیشت اور سیاست کو تباہ کیا۔