لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ مذہب کو سیاست کے لیے استعمال کرنا سب سے بڑا جرم ہے، عمران خان نے ہمیشہ مذہبی کارڈ کھیلا۔ علما مشائخ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ فتنے کو بڑھانے کے لیے فارن فنڈنگ کا استعمال کیا گیا، چوروں سے حساب مانگنے پر پورے ملک میں آگ لگا دی گئی، حقیقی آزادی کا وقت آیا تو اب چھپتے پھر رہے ہیں۔ سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن نے 9 مئی کے مقدمات سول عدالتوں کے بجائے فوجی عدالتوں میں لے جانے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ سول عدالتوں کا حال دیکھیں وہ پہلے ہی پی ٹی آئی کی آلہ کار بنی ہوئی ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ میں سول مقدمات کی فوجی عدالتوں میں منتقلی کی حامی نہیں، انہیں سویلین عدالتوں میں ہی رہنا چاہیے لیکن سول عدالتوں کا حال تو دیکھیں، سول عدالتیں متنازع ہو چکی اور وہ ایک سیاسی جماعت کی آلہ کار بن چکیں، اب انصاف کا کیا حال ہوگا؟ آج تک کسی سیاسی جماعت نے وہ کام نہیں کیا جو پی ٹی آئی نے نو مئی کو کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پی ڈی ایم کے پہلے جلسے میں آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کو کہا تھا کہ اس سوغات عمران خان کو جہاں سے لائے ہیں واپس لے جائیں، نواز شریف نے ان دو افسران کے خلاف بات کی تھی مگر پوری فوج کو کچھ نہ کہا اور نہ فوجی تنصیبات پر حملے کیے، اگر عمران خان کو پرانے کیسز میں سزا مل جاتی تو آج سانحہ 9 مئی نہ ہوتا۔ سینئر نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ ریمانڈ کے دوران کسی کو کبھی ضمانت نہیں ملتی دنیا میں ایسا نہیں ہوتا مگر سپریم کورٹ نے ریمانڈ کے باوجود عمران خان کو ضمانت دے دی، فوجی عدالتوں پر اعتراض ہو رہا ہے مگر دیکھیں سول عدالتیں کیا کر رہی ہیں؟ بات بات پر سٹے آرڈر دے دیتی ہیں کہ قانونی کارروائی آگے نہ بڑھ سکے، اب کس پر اعتبار کیا جائے؟۔ مریم نواز نے کہا کہ یہاں پر ساس اور لاڈلے کا قانون چل رہا ہے، ججز کہتے ہیں کہ ہمارے احکامات پر عمل نہیں ہو رہا، یہ بھی تو دیکھیں کہ آپ احکامات کیا دے رہے ہیں؟ ن لیگ نے تو ججز کی آزادی کے لیے تحریک چلائی ہے۔ مریم نواز نے انکشاف کیا کہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے بطور چیف جسٹس مدت ملازمت میں توسیع کے لیے نواز شریف پر دباو ڈالا، ان کا بھی وقت آئے گا جو کہیں چھپ کر بیٹھے ہیں، جیل میں موجود نواز شریف کو جسٹس کھوسہ نے کیوں پیغام بھیجا کہ کھوسہ کو ایکسٹینشن دی جائے مگر نواز شریف نے کہا کہ اپنا کاغذ پکڑو اور نکلو ادھر سے۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ عمر عطا بندیال نے ماضی سے سبق نہیں سیکھا، آصف سعید کھوسہ ایک دن قانون کے شکنجے میں آئے گا، ڈیم والے بابا ثاقب نثار کی بات کروں وہ تو خود کسی کو شکل دکھانے کے قابل نہیں، ان کا بیٹا بھی پی ٹی آئی کی ٹکٹیں بلیک کرتا ہوا پکڑا گیا، یہ لوگ قدرت کی طرف سے عبرت کا نشان بنے ہوئے ہیں اور اسی ڈگر پر عمر عطا بندیال بھی چل رہے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ بانی پاکستان کا گھر جلاتے ہوئے پی ٹی آئی والوں کو حیا نہیں آئی؟ اور اب عمران خان ثبوت مانگتے ہیں؟ عمران خان کو حسان نیازی کی وہ تصویر نظر نہیں آئی جس میں وہ ڈنڈے پر پاکستان آرمی کی تصویر لٹکائے ہوئے ہے، ثبوت چاہیے تو یاسمین راشد کی آڈیو دیکھو اور اس کی ویڈیو بھی دیکھو جس میں وہ کہتی ہے کہ کور کمانڈر ہاوس میں انسانوں کو لے کر جانا تھا جانور کو نہیں۔