کراچی : محکمہ موسمیات نے آج سے کراچی میں گرمی کی شدت میں کمی کی پیشگوئی کردی جبکہ سمندری ہوائیں چلنے کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق شہرمیں سمندری ہواؤں کے آغاز کے ساتھ ہی موسم خوشگوار ہوگیا ، محکمہ موسمیات کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ آج سے گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔
گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا تاہم شہر کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے جبکہ سمندری ہوائیں13سے15کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتارسےچل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری ہوائیں چلنے کے باعث آج گرمی کی شدت میں کمی محسوس ہوگی۔
دوسری جانب ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران کراچی، کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد اور پشاور سمیت ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کی پیشگوئی کی ہے
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔