لاہور(نمائندہ خصوصی ) پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک کے باہر قائم کی گئیں تجاوزات کے خاتمے کیلئے کئے جانے والا آپریشن مکمل کر لیا گیا۔ جمعہ اور ہفتہ کی رات گئے اینٹی اینکروچمنٹ عملے نے کینال روڈزمان پارک پرلگے کیمپ ہٹا دیئے،کینال روڈ گرین بیلٹ سے پی ٹی آئی کارکنوں کی قائم تجاوزات کوختم کردیاگیا،لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) ٹان آفس کی گاڑیوں اور عملے نے آپریشن میں حصہ لیا،آپریشن کے دوران ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھاری مشینری کی مدد سے کینٹینر اور دیگر رکاوٹیں ہٹا دی گئی ہیں۔ دھرم پورہ سے مال روڈ آنے والی کینال روڈ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا جبکہ مال روڈ سے زمان پارک جانے والا راستہ تاحال بند ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے تجاوزات کے خاتمے کی ہدایت کی تھی اور آپریشن زمان پارک انتظامیہ کی درخواست پر کیا گیا۔