کراچی(کامرس رپورٹر) ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز(آباد) کے چیئرمین محمد الطاف تائی نے 9 مئی کو کورکمانڈر لاہور کے گھر پر حملے،پاک فوج اور اس کی قیادت کے خلاف گھناؤنے پروپیگنڈے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سانحہ 9 مئی کے ذمے داران کو بے نقاب کرکے عبرتناک سزا دی جائے۔الطاف تائی نے کہا کہ پاک فوج کے جوان قوم کے تحفظ کے لیے روزانہ سرحدوں پر اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔ افواج پاکستان پر تنقید فوج کے شہدا کی توہین کے مترادف ہے۔انھوں نے کہا ہماری پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے جس کا اعتراف پاکستان کے مخالفین بھی کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمنان پاک فوج اور پاکستانی قوم کے درمیان نفرت کا بیج بونا چاہتے ہیں جس کا مقصد پاکستان کو کمزور ملک بنانا اور بالاخر اسے تباہ کرنا ہے لیکن پاکستان کے عوام،بلڈرز اور ڈیولرز سمیت تمام تاجر برادری دشمنوں کے گھناؤنے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔انھوں نے پاکستان کے نوجوانوں پر زور دیا کہ نوجوان دشمن کے اس گھناؤنے پروپیگنڈے کا ایندھن نہ بنیں،پاکستان ہے تو ہم سب ہیں،یہ پاکستان کی آرمی ہی ہے جس کی وجہ سے ہم تاحال قائم ودائم ہیں۔انھوں نے نوجوانوں کو کہا کہ شام اور عراق کی حالت سے سبق سیکھیں جہاں کمزور آرمی کی وجہ سے ان کے ملک تباہی کا شکار ہیں۔ الطاف تائی نے کہا کہ اگر پاکستان کے پاس مضبوط فوج نہ ہوتی تو ہمارے ملک کی حالت بھی شام،عراق اور صومالیہ سے مختلف نہ ہوتی۔الطاف تائی نے دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج نے دہشت گردی کی جنگ میں شاندار کامیابی حاصل کی اور ملک میں امن وامان قائم کیا جبکہ کچھ سپر پاور بھی دہشت گردی کے جنگ میں ناکام ہوئیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام بلڈرز اور ڈیولپرز افواج پاکستان کے خلاف کسی بھی گھناؤنے پروپیگنڈے کا کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔