لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلی وحید احمد کے مطابق رواں سیزن 10کروڑ ڈالر مالیت کا ایک لاکھ 25 ہزار ٹن آم برآمد ہوگا۔ پاکستان سے برآمد ہونے والا آم ملکی پیداواری صلاحیت 18لاکھ ٹن کا تقریباً 7فیصد ہے۔پاکستانی آم کے بڑے خریداروں میں ایران، وسط ایشیائی ممالک، خلیجی ممالک اور برطانیہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ یورپی ممالک، کینیڈا، امریکہ اور چاپان بھی پاکستانی آم کی اہم منڈیاں ہیں۔وحید احمد کے مطابق رواں سیزن موسم سرما دیر تک رہنے اور تاخیر سے گرمیوں کی آمد نے آم کی فصل کو بیماریوں سے مقابلے کرنے کی صلاحیت کو متاثر کیا ہے جس سے رواں سیزن آم کی فصل 20فیصد یعنی 3لاکھ 60ہزار میڑک ٹن کم ہوگی۔موسمی تبدیلیاں آم کی فصل کو متاثر کررہی ہیں،ملک میں آم کے ریسرچ ادارے اور صوبائی محکمہ زراعت موسمی بدلاو سے بچاﺅکے وسائل اور آگاہی فراہمی کریں۔