اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اور نگزیب نے کہاہے کہ عمران خان کی سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت پی ٹی آئی کے مسلح جتھوں اور پلانٹڈ لوگوں نے عسکری تنصیبات سمیت اہم عمارتوں پر حملے کئے، یہ ملک دشمنی اور بغاوت ہے، مسلح افواج ہماری سرحدوں کی محافظ ہیں، یاست کی پروٹیکشن اور ریاست کی رٹ کو قائم کرنا صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں،ریاست کے تین ستون پارلیمنٹ، ایگزیکٹوز اور جوڈیشری ہیں، تینوں ستونوں کی اجتماعی ذمہ داری ہے ریاست کی رٹ قائم کی جائے، عسکری تنصیبات اور ریاستی املاک پر حملہ کرنے والوں کو کو عبرت کا نشانہ بنانا چاہیے،جلاﺅگھیراﺅمیں ملوث کسی شخص کے ساتھ کوئی رعایت نہیں دی جائے گی،سویلین املاک کو نقصان پہنچانے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، عسکری تنصیبات پر حملے کرنے والوں کے ٹرائل ہوں گے۔بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاکہ نیشنل سیکورٹی کمیٹی کے اجلاس میں 9 مئی کے دن کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ پاکستان کے ازلی دشمن نے 75 سالہ تاریخ میں وہ کام کرنے کی جرات نہیں کی جو 9 مئی کے دن پی ٹی آئی کے مسلح جتھوں نے کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان کی سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت پی ٹی آئی کے مسلح جتھوں اور پلانٹڈ لوگوں نے عسکری تنصیبات سمیت دیگر اہم عمارتوں پر حملے کئے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ ہسپتالوں اور سکولوں کو جلایا گیا، ایمبولینسوں سے مریضوں کو باہر نکال کر پھینکا گیا، ایدھی کی ایمبولینس جلائی گئی، شہداءاور غازیوں کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ ریڈیو پاکستان کی تاریخی عمارت کو نذر آتش کیا، یہ ملک دشمنی اور بغاوت ہے۔ انہوںنے کہاکہ یہ کسی بھی طور سیاسی یا عوامی احتجاج نہیں تھا، مٹھی بھر مسلح جتھوں نے عمران خان کے کہنے پر یہ کارروائی کی۔ انہوںنے کہاکہ زمان پارک میں بیٹھ کر عمران خان نے اس پورے عمل کی منصوبہ بندی کی، پی ٹی آئی کے مسلح جتھوں نے پاکستان کے جھنڈے جلائے، جس پرچم کو ہم نیچے نہیں گرنے دیتے، اس پرچم کو نذر آتش کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ان لوگوں نے ایمبولینس، ہسپتال، سکول، مسجدیں، جانور منڈیاں جلائیں، یہ کوئی سیاسی ردعمل نہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ جلاﺅگھیراﺅمیں ملوث کسی شخص کے ساتھ کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ریاست نے ان لوگوں کو بھی تحفظ دینا ہے جنہیں ایمبولینسوں سے باہر نکال کر پھینکا گیا، ریاست نے سکول کے بچوں کو بھی تحفظ فراہم کرنا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہماری سرحدوں کی حفاظت پر مامور جوانوں کے جذبات کو مجروح کیا گیا، شہید جوانوں کی بے حرمتی کی گئی، آج غریب کی سواری میٹرو بس سروس معطل ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ جو غریب افراد، سکولوں کالجوں کے بچے اور شہری اس میٹرو بس پر سفر کر رہے تھے، ان کو کون جواب دے گا؟۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ سویلین املاک کو نقصان پہنچانے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، عسکری تنصیبات پر حملے کرنے والوں کے ٹرائل ہوں گے۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ مسلح افواج ہماری سرحدوں کی محافظ ہیں، عسکری تنصیبات اور ریاستی املاک پر حملہ کرنے والوں کو کو عبرت کا نشانہ بنانا چاہیے،شرپسندوں سے کوئی رعایت نہیں کی جائےگی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ریاست کی پروٹیکشن اور ریاست کی رٹ کو قائم کرنا صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں،ریاست کے تین ستون پارلیمنٹ، ایگزیکٹوز اور جوڈیشری ہیں، تینوں ستونوں کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ریاست کی رٹ قائم کی جائے۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ زمان پارک مسلح جتھوں کی پناہ گاہ بنا ہوا ہے، پنجاب حکومت نے تمام شواہد فراہم کر دیئے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ مسلح جتھوں کو اکسانے کا ماسٹر مائنڈ عمران خان ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ مراد سعید کی ویڈیو پی ٹی آئی کے آفیشل پیج پر ہے جس میں کہہ رہے ہیں کہ جو جگہیں بتائی تھیں وہاں پہنچ جائیں، عمران خان گرفتار ہو گیا ہے، یہ جگہیں کس نے دکھائی تھیں؟۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ ویڈیو میں کہتے ہیں کہ جی ایچ کیو پہنچ جاﺅ جس طرح دکھایا تھا، عمران خان نے عدالت کے اندر سے ویڈیو پیغام جاری کیا کہ اگر مجھے دوبارہ گرفتار کیا تو 9 مئی سے بڑھ کر ردعمل آئےگا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم کی واضح ہدایت ہے کہ کسی بے گناہ کے ساتھ زیادتی نہ ہو، اس ضمن میں ایک مانیٹرنگ کمیٹی بنائی گئی ہے، کسی مجرم کے ساتھ کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ پولیس فورس ہمارے تحفظ کے لئے کھڑی ہوتی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ عمران خان کبھی ان پر پٹرول بموں سے حملے کرواتے ہیں اور کبھی ان کی گاڑیاں نذر آتش کی جاتی ہیں۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ پولیس کے لئے عمران خان غلیظ زبان استعمال کرتے ہیں، پولیس ہمارے تحفظ کےلئے ہمہ وقت کھڑی رہتی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ عمران خان اپنی ہی لائانفورسمنٹ ایجنسیوں، ریاستی تنصیبات اور بچوں اور مریضوں پر حملہ آور ہیں، ہمارے وزیراعظم کو جب غلط فیصلے پر گھر بھیجا گیا تو اس وقت کون سی تنصیبات جلی تھی؟ کون سے ہسپتال اور میٹرو کو آگ لگی تھی؟، ہم ایک سیاسی جماعت ہیں، ہم نے ہمیشہ پرامن احتجاج کیا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ نواز شریف تین مرتبہ کے منتخب وزیراعظم تھے، عمران خان کی طرح سلیکٹ ہو کر کرسی پر مسلط نہیں ہوئے تھے، عمران خان نے نواز شریف کے خلاف جھوٹے کیسز بنانے کے لئے قومی خزانے کے پیسے کا بے دریغ استعمال کیا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ عمران خان نے القادر ٹرسٹ اپنے اور اپنی اہلیہ کے نام رجسٹر کروایا، کس قانون کے تحت انہوں نے یہ کام کیا؟ اس موقع پر میڈیا کو عمران خان کے دھمکی آمیز بیانات پر مبنی ویڈیو بھی میڈیا کو دکھائی گئی۔