کراچی( بیورو رپورٹ ) پی ٹی آئی سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ ن لیگ کے رہنما نے اسمبلی میں بہت گری ہوئی حرکت کی ہے۔منگل کو نکاٹی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی زیدی نے کہا کہ یہ میرا نکاٹی کا چوتھا دورہ ہے، وزارت سے پہلے بھی اور وزارت کے دوران بھی میں یہاں آتا رہا ہوں، ملک میں بجٹ کا موسم ہے۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے رہنما نے اسمبلی میں بہت گری ہوئی حرکت کی ہے، انہوں نے ایک ہاتھ میں آئین کی کتاب اٹھا کر دوسرے ہاتھ سے نازیبا اشارے کیے، عطا طارڑ کا بائیکاٹ کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ فنانس منسٹر اپنے ذاتی کاروبار کو ترجیح دے رہے ہیں، یہ سازش کے تحت ریجیم چینج لے کر آئے ہیں، ایک حکومت جو عوام کے لیے کام کر رہی تھی اسے سازش کے تحت ہٹایا، 22 مارچ کو پاکستان کا لیول دنیا میں اوپر جارہا تھا۔علی زیدی نے کہا کہ او آئی سی میں چائنا کے وزیر خارجہ نے خصوصی شرکت کی، آج ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری عروج پر ہے، ملک کی ایکسپورٹ کم ہوتی جارہی ہیں، ہر چیز جو پاکستان کے لیے ٹھیک جارہی تھی وہ اب مخالف سمت میں جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری، نواز شریف اور حقانی نے مل کر سازش رچائی، کوئی بھی انڈسٹریلسٹ یہ سمجھ رہا ہے کہ ہم ان کے دور میں آگے جائیں گے تو یہ غلط ہے، مقصود چپڑاسی کو دبئی میں ہارٹ اٹیک ہوا، اس سے پہلے ڈاکٹر رضوان کو بھی ہارٹ اٹیک ہوا تھا، یہ سب جانتے ہیں ملک میں کیا چل رہا ہے۔