لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ایک شخص لیڈر بنتا ہے اور لوگوں کو توڑ پھوڑ کے لئے اکساتا ہے ، آرمی تنصیبات پر حملے کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے ، 9مئی کے کرداروں کے خلاف آفیشل سیکریٹ اور ملٹری ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہوں گے،الیکشن ہوں یا نہ ہوں پی ٹی آئی کو اپنا مستقبل بہت جلد پتہ چل جائے گا اور عوام خود ہی اس جماعت پر پابندی لگا دیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے مسلم لیگ ہاﺅس سے لاہور پریس کلب تک نکالی گئی ریلی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ چیف ارگنائز چودھری محمد سرور اور جنرل سیکرٹری پنجاب چودھری شافع حسین نے بھی ریلی کے شرکاءسے خطاب کیا۔شجاعت حسین نے کہا کہ جنرل عاصم منیر پاک فوج کے سپہ سالار ہیں جو بھی ان کے خلاف بات کرے گا وہ ملک کے خلاف بات کرے گا، 75سال میں پہلا موقع ہے جو کچھ انہوں نے کرنے کی کوشش کی، آج جو ریلی نکالی گئی وہ کسی ایک جماعت کی نہیں، آج کسی سیاسی پارٹی کانہیں بلکہ ملکی بقا کا مسئلہ ہے اس پر سب جماعتیں ایک ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ اپنے سیاسی چمکانے کے لئے جلسے کررہے ہیں لیکن یہ کامیاب نہیں ہوں گے، 9مئی کو اداروں پر حملے کرنے والوں کے خلاف آفیشل سیکریٹ اور ملٹری ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک شخص لیڈر بنتا ہے اور لوگوں کو اکساتا ہے کہ آپ توڑ پھوڑ کریں، جو بھی پاکستان کے خلاف بات کرے گا اس کو اس کی سزا مل جائے گی