کراچی(نمائندہ خصوصی) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ جو لوگ ملکی ترقی نہیں دیکھنا چاہتے وہ پرتشدد واقعات میں ملوث ہیں۔ڈیزل الیکٹرک ہائبرڈ سٹی بس کی تعارفی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ بالخصوص اہل کراچی کے لیے آج اہم دن ہے۔انہوں نے کہا کہ چند دن پہلے پیپلز بس سروس کی 3 گاڑیوں کونقصان پہنچایا گیا، کراچی میں ایک بس کو جلایا گیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم شہر میں ٹرانسپورٹ کے مسائل کے حل کی طرف گامزن ہیں، پی پی قیادت کی ہدایت پر ٹرانسپورٹ نظام پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ہر نئی چیز کی شروعات سندھ حکومت کرتی ہے، حیدرآباد، لاڑکانہ اور سکھر میں پیپلز بس سروس کامیابی سے چل رہی ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کے باوجود پیپلز بس سروس کے کرائے میں اضافہ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے خواتین کے لیے پنک بس سروس کا آغاز کیا، جسے بہت پذیرائی ملی۔