لاہور(نمائندہ خصوصی ) پاکستان مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور جنرل سیکرٹری پنجاب چوہدری شافع حسین سے اوکاڑہ، خانیوال اور تلہ گنگ سے تعلق رکھنے والے مختلف وفود سے ملاقات کیجس میں پاکستان مسلم لیگ کی جانب سے افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی ریلی سے متعلق انتظامات اورملکی سیاسی صورتحال اوردیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں تنظیمی معاملات اور موجودہ ملکی سیاسی صورتحال بھی زیر بحث آ ئے۔اس موقع پر سابق گورنر چوہدری سرورنے کہا کہ جس طرح افواج پاکستان کی املاک کو نقصان پہنچایا گیا اس طرح تو صرف دہشتگردتنظیمیں کرتی رہی ہے،شر پسند عناصر کی جانب سے جناح ہاﺅس، جی ایچ کیو اور دیگر سرکاری و نجی عمارتوںکو نقصان پہنچانا کسی صورت قابل قبول نہیں،شر پسندوں نے طالبان اور بی ایل اے کے دہشتگردو جیسی کارروائیاں کیں۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لئے کل بروز بدھ 17مئی کوبھرپور ریلی نکال رہے ہیں،ریلی میں محب وطن پاکستانیوں اور مسلم لیگ کے ورکر زکثیر تعداد میں شریک ہوںگے۔