لاہور ( نمائندہ خصوصی ) لاہور ہائیکورٹ نے القادر ٹرسٹ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمن و سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کی حفاظتی ضمانت 23 مئی تک منظور کرلی۔ہائی کورٹ کے جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں 2رکنی بینچ نے القادرب ٹرسٹ کیس میں بشری بی بی کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ بشری بی بی عمران خان کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئیں۔کمرہ عدالت میں پیشی کے وقت بشری بی بی کے ارد گرد سفید کپڑے کا حصار بنایا گیا۔بشری بی بی کی جانب سے خواجہ حارث ، انتظار پنجوتھہ اور علی اعجاز بٹر کی وساطت سے دائر درخواست میں وفاقی حکومت ، نیب اور دیگر کو فریق بنایا گیا ۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ نیب نے القادر ٹرسٹ کیس میں تحقیقات شروع کر رکھی ہے، نیب کی جانب سے جاری تحقیقات غیر قانونی ہیں، خدشہ ہے نیب کی جانب سے گرفتار کیا جا سکتا ہے ۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت سے رجوع کرنا ہے، عدالت القادر ٹرسٹ کیس میں حفاظتی ضمانت منظور کرے ۔ سماعت کے دوران جسٹس شہباز رضوی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جو وقت دیا گیا تھا، درخواست گزار کو عدالت میں موجود ہونا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وکیل اور عدالت دونوں کے لیے باعث شرمندگی ہے۔بشری بی بی کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ اس چیز کا خیال رکھا جائے گا۔ عدالت نے حفاظتی ضمانت کی درخواست 26مئی تک منظور کرتے ہوئے نیب کو گرفتاری سے روک دیا ۔ اس سے قبل عدالت نے درخواست گزار بشری بی بی کے پیش نہ ہونے پر ناراضگی کا اظہار کیا ۔