لاہور( نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری پر مسلم لیگ (ن)کی جانب سے مٹھائیاںتقسیم کی گئی اور جشن منایا گیا ۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو زمیں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما مجتبیٰ شجاع الرحمن اپنے دفتر میں مٹھائی تقسیم کر رہے ہیں۔سوشل میڈیا پر دیگر ویڈیوز بھی وائرل ہیں جس میں مٹھائیاں تقسیم کرتے ہوئے اور جشن مناتے ہوئے دکھایاجارہا ہے ۔ زیادہ تر ویڈیوز مسلم لیگ (ن) کی رہنما حنا پرویز بٹ کی جانب سے شیئر کی گئیں۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما غزالی سلیم بٹ کی جانب سے شاد باغ میں مٹھائی تقسیم کی گئی ۔لاہور سمیت پنجاب کے دیگر مقامات پر بھی رہنماﺅں اور کارکنوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں۔ ا س موقع پر گفتگو کرتے ہوئے غزالی سلیم بٹ نے کہا کہ شکر ہے کہ فتنے کو گرفتار کر لیا گیا ہے جس کے لئے ساری قوم مٹھائیاں تقسیم کر رہی ہے ۔ اتنا بزدل ہے کہ جس کی کوئی مثال نہیں ، جب ہمارے لیڈر پکڑے جارہے تھے تو ہم نے اس طرح املاک کو نقصان نہیں پہنچایا ۔ فتنہ پکڑا گیا ہے اب ملک میں استحکام آئے گا،لوگ اطمینان سے کام کریں گے اور پاکستان بھی ترقی کرے گا ۔اس نے کرپشن کے ذریعے جو لوٹ مار کی ہے اس کی ایک ایک پائی وصول کی جائے گی ۔