کراچی(نمائندہ خصوصی) افریقا میں ایئر لائنز کے سب سے بڑے نیٹ ورک ایتھوپیا ایئر لائنز کی پاکستان کے بڑے شہر کراچی کیلئے 19 سال بعد پہلی براہ راست پرواز نے منگل کی صبح مقررہ وقت پر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور وفد نے اولڈ ٹرمینل پر پرواز کو خوش آمدید کہا۔صوبائی وزرا شرجیل میمن، ناصر شاہ، اکرام اللہ دھاریجو اور مرتضی وہاب بھی وزیراعلی کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر پرواز کو واٹر سلوٹ پیش کیا گیا۔وزیر اعلی سندھ نے اولڈ ٹرمینل وی آئی پی لاﺅنج میں پرواز کی آمد کا کیک کاٹ کر افتتاح کیا، اور ایتھوپین وفد کا صوبائی وزراءسے تعارف کروایا۔ انھوں نے کہا ایتھوپین ایئر لائن کا کراچی سے ایتھوپیا اور ایتھوپیا کو کراچی سے جوڑنے کا وسیلہ ہے۔وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ یہ پروازایں شروع ہونے سے سندھ اور ایتھوپیا میں تجارت اور سیاحت کو فروغ ملے گا، وزیر اعلی سندھ نے مہمانوں کو اجرک اور سندھی ٹوپیاں بھی پہنائیں۔عدیس ابابا سے کراچی کیلئے پہلی پرواز میں ایتھوپیا کے اسٹیٹ منسٹر سمیت تین وزیر مملکت، ان کی وزارتوں کے اعلی افسران، سفارتکاروں اور تجارتی وفد سمیت 110 مسافر کراچی پہنچے۔ایتھوپین وفد میں وزیر مملکت امور خارجہ مسگانواریگا و دیگر اعلی حکام شامل تھے، ایتھوپیا کے وزیر مملکت امور خارجہ مسگانواریگا وفد کے ہمراہ 3 روزہ دورے پر پاکستان آئے ہیں۔