کراچی (نمائندہ خصوصی )وزیر اطلاعات ,ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے آرکائیوز کمپلیکس کلفٹن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کل بلدیاتی انتخابات کا مرحلہ پورے صوبے میں شفاف انداز میں مکمل ہوا اور کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نفری اپنے فرائض کی ادائیگی کے لئے موجود تھی۔ کل سندھ بھر میں پیپلز پارٹی نے کامیابی حاصل کی اور عوام نے آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پیپلز پارٹی کی قیادت اور سندھ حکومت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ شہریانِ کراچی نے پیپلز پارٹی کو ووٹ دے کراپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں بھرپور ترقیاتی کام ہو رہے ہیں ،پل اور انڈر پاسز بن رہے ہیں، کچرا اٹھایا جارہا ہے, نئی بسیں چل رہی ہیں, اور بھی دیگر ترقیاتی کام ہو رہے ہیں اسی کارکردگی کا نتیجہ ہے کہ کل عوام نے فیصلہ پیپلز پارٹی کے حق میں دیا شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بلاول بھٹو ایس سی او کے اجلاس میں شرکت کے لئے بھارت گئے پاکستان سفارتی اقدار کی پاسداری کرنے والا سنجیدہ ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی صاحب سے کسی نے پوچھا کہ کیا بلاول کو بھارت جانا چاہئے تو قریشی صاحب نے کہا کہ بالکل جانا چاہئے۔