لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف درج121 مقدمات میں کارروائی روکنے کی درخواست پر سماعت آج ( پیر) کے روز ہو گی ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ پیر کو سماعت کرے گا۔بنچ میں جسٹس عالیہ نیلم،جسٹس طارق سلیم،جسٹس انوارالحق اورجسٹس امجدرفیق بنچ میں شامل ہیں۔عدالت نے 8مئی کو مقدمات کی تفتیش سے متعلق رپورٹ طلب کررکھی ہے جبکہ عمران خان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دے رکھا ہے۔درخواست میں سیکرٹری داخلہ، وزارت قانون، دفاع، سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب، اینٹی کرپشن، نیب، ایف آئی اے، وزیر اعظم، پیمرا اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ مجھ پر 121 ایف آئی آر درج کی گئیں، مقدمات کوئٹہ، کراچی، اسلام آباد اور لاہور میں درج کئے گئے ہیں، تحریک انصاف کے سپورٹرز کو نظربند اور گرفتار کیا جا رہا ہے، نگران صوبائی حکومت کی جانب سے انتقامی کارروائیاں کی گئی ہیں۔استدعا ہے درخواست کے فیصلے تک تمام مقدمات میں کارروائی روکنے کا حکم دیا جائے، پہلے سے درج مقدمات میں تادیبی کارروائی سے روکا جائے، عدالت بغیر نوٹس فوجداری کارروائی کرنے سے روکنے کا حکم جاری کرے