اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سپریم کور ٹ آف پاکستان میں (آج)پیر سے شروع ہونے والے ہفتہ میں سپریم کورٹ( پریکٹس اینڈ پروسیجر) ایکٹ2023 ،سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن اور پاکستان بار کونسل کے تنازع سمیت مختلف مقدمات کی سماعت کریگی ، چیف جسٹس عمر عطاءبندیال نے 8مئی سے شروع ہونیوالے عدالتی ہفتہ کے دوران اسلام آباد پرنسپل سیٹ پر معمول کے چھ جبکہ تین خصوصی بنچ تشکیل دیدیئے تاہم سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ رواں ہفتہ کے دوران بھی کسی بنچ کا حصہ نہیں اور چیمبر ورک کرینگے،بنچ اول چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس عائشہ اے ملک اور جسٹس اطہر من اللہ ،بنچ دوئم جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں ،جسٹس امین الدین خان اور جسٹس محمد علی مظہر ،بنچ سوئم جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں جسٹس شاہد وحید،بنچ چہارم جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں جسٹس حسن اظہر رضوی، بنچ پنجم جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں جسٹس جمال خان مندوخیل جبکہ بنچ ششم جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل ہوگا ،چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ اے ملک، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید پر مشتمل 8رکنی بنچ (آج)پیر سپریم کورٹ( پریکٹس اینڈ پروسیجر) ایکٹ2023 کیخلاف دائر آئینی درخواستوں جبکہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجازالاحسن،جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی،جسٹس جمال خان مندوخیل اورجسٹس محمد علی مظہر پر مشتمل پانچ رکنی لارجر بنچ منگل کے روز سینئرصحافی ارشد شریف کے بہیمانہ قتل سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کریگا ،چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس عائشہ اے ملک اورجسٹس محمد علی مظہر پر مشتمل تین رکنی خصوصی بنچ بھی منگل ہی کے روز سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن اور پاکستان بار کونسل کے تنازع سے متعلق مقدمہ کی سماعت کریگا ،عدالت خیبر پختونخوا پولیس افسران کی آﺅٹ آف ٹرن پرموشن کیخلاف از خود نوٹس کی سماعت بدھ جبکہ شہری علاقوں میں پٹواریوں اور تحصیلداروں کے کردار سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت جمعرات کو کریگی۔