اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان اور افغانستان کے درمیان وفود کی سطح مذاکرات ہوئے جس میں دوطرفہ امور اور خطے کی صورتحال کی گفتگو کی گئی ۔ اتوار کو وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے افغان وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی کی قیادت میں افغان وفد کا دفتر خارجہ آمد پر استقبال کیا بعد ازاں وزرائے خارجہ کی سربراہی میں وفودکی سطح پر مذکرات ہو ئے ۔پاکستان کی جانب سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے قیادت کی ۔افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی کی سربراہی میں افغان وفد مذکرات میں شریک ہو ا۔مذکرات میں دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان افغانستان تعلقات سمیت خطے کی صورتحال پر بات ہو ئی۔دریں اثناءافغان وزارت خارجہ کے مطابق افغان وزیر خارجہ نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران اپنے پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو سے ملاقات کی۔ وزارت خارجہ کے نائب ترجمان نے اپنے ٹوئٹر پیج پر لکھا کہ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی، تجارتی، راہداری تعلقات اور ان شعبوں میں ضروری سہولیات کی تشکیل پر جامع بات چیت ہوئی۔ ذرائع کی معلومات کے مطابق اس ملاقات میں افغان مہاجرین اور تاجروں کی پاکستان میں آسانی سے نقل و حرکت کے حوالے سے بھی موثر بات چیت کی گئی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ کی قیادت میں وفد اس سے قبل پاکستانی حکام سے مختلف ملاقاتیں کر چکا ہے۔