لندن /اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیراعظم شہباز شریف نے برطانیہ کے بادشاہ شاہ چارلس IIIکی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کی جس میں دنیا بھر سے سربراہان مملکت، شاہی خاندانوں اور حکومتوں کے نمائندوں بھی شریک تھے تفصیلات کے مطابق ۔ وزیراعظم 74 سالہ بادشاہ چارلس III کی تاجپوشی کی تقریب میں شرکت کیلئے دیگر غیرملکی مہمانوں جن میں سربراہان مملکت اور دولت مشترکہ کے رکن ممالک کے نمائندے شامل تھے کے ہمراہ ویسٹ منسٹر ایبی پہنچے جہاں انکی تاجپوشی ہو ئی ، کنگ چارلس III برطانیہ کے چالیسویں بادشاہ ہیں۔یاد رہے کہ یہ تقریب رسمی شان و شوکت کے ساتھ منائی جاتی ہے جس کے پیچھے صدیوں پرانی روایات شامل ہیں۔ گزشتہ 70 سال میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی برطانوی بادشاہ کی تاجپوشی ہو ئی۔ 400سے زیادہ خاص مہمانان جن میں 100 ریاستوں اور حکومتوں کے سربراہان شامل ہیں نے شرکت کی ۔ بادشاہ چارلس III اپنی والدہ مرحومہ ملکہ الزبتھ دوم کی وفات کے بعد 8 ستمبر 2022 کو تخت پر برا جمان ہوئے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ شاہ چارلس کی پاکستان کے عوام کے ساتھ خصوصی محبت ہے پرنس آف ویلز کے طور پر انہوں نے اور ان کی اہلیہ کامیلا پارکر نے 8 اکتوبر 2005 کے زلزلہ کے بعد 29 اکتوبر سے 3 نومبر 2006 کے دوران پاکستان کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے آزاد جموں وکشمیر کے زلزلہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور ریسکیو ریلیف اور بحالی میں انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کی کاوشوں کا جائزہ لیا۔ وہ بین المذاہب ڈائیلاگ کے طویل عرصہ سے بڑے حامی ہیں۔ 2006 میں اپنے دورہ پاکستان کے موقع پر انہوں نے بین المذاہب ڈائیلاگ کی صدارت کرتے ہوئے بین المذاہب رابطوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی۔