اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اس میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑ جائے گی، مشکل صورتحال کے باوجود حکومت معیشت کو استحکام اور ترقی کی جانب گامزن کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ ہفتہ کو وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔ آزاد جموں و کشمیر کے سینئر وزیر کرنل (ر) وقار نور، آزاد جموں و کشمیر کے وزیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور، ایس اے پی ایم آن ریونیو طارق محمود پاشا، چیئرمین ایف بی آر، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر، سیکرٹری خزانہ آزاد کشمیر اور فنانس ڈویژن کے سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے وزیر خزانہ سے ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر کے مالیاتی امور اور خطے میں ترقیاتی سکیموں اور منصوبوں کی رفتار پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر نے وزیر خزانہ کو آزاد جموں و کشمیر حکومت کے محصولات میں اضافے کے اقدامات سے آگاہ کیا اور اس سلسلے میں وفاقی حکومت سے تعاون طلب کیا۔ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم چوہدری انوار الحق کا خیرمقدم کیا اور آزاد جموں و کشمیر سمیت تمام خطوں کی ترقی و پیش رفت کے لیے وفاقی حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور علاقے کی ترقی کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائےگی۔ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بھی ملک کے معاشی منظر نامہ سے آگاہ کیا اور کہا کہ مشکل صورتحال کے باوجود حکومت معیشت کو استحکام اور ترقی کی جانب گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ وزیر خزانہ نے وفاقی حکومت کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر کی حکومت کو معاشی ترقی اور ترقی کی جستجو میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا۔ چوہدری انوار الحق، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے آزاد خطہ کی ترقی کے لیے تعاون فراہم کرنے پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔