گوا (نمائندہ خصوصی )
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کا کشمیر سے متعلق ٹھوس اور واضح مؤقف ہے ، بھارت کو کشمیر سے متعلق 4 اگست 2019ء کی صورتحال پر واپس آنا اور بات چیت کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنا ہوگا۔
بلاول بھٹو نے جو شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کیلئے بھارت میں ہیں ، گوا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019ء کو غیرقانونی اقدامات کیے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019ء کے بھارتی اقدام نے حالات کو تبدیل کیا۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ کشمیر کے بارے میں پاکستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے ، پاکستان کا کشمیر سے متعلق ٹھوس اور واضح مؤقف ہے ، بھارت کے یک طرفہ اقدامات سے تعلقات متاثر ہوئے ، بھارت کو کشمیر سے متعلق 4 اگست 2019ء کی صورتحال پر واپس آنا ہوگا اور بات چیت کےلیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہوگا ، پاکستان اور بھارت کے عوام امن چاہتے ہیں۔
کھیلوں سے متعلق سوال پر وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ بھارت میں بلائنڈ کرکٹ میچ ہو رہا تھا ، اس میں پاکستانی ٹیم کو جانا تھا مگر ویزہ نہیں مل سکا ، بھارت کیوں پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم سے ڈرتا ہے؟ کھیل کو سیاست اور خارجہ پالیسی سے الگ رکھنا چاہیے۔