واشنگٹن( نمائندہ خصوصی )امریکہ کے دورے پر آئے سینیٹر دنیش کمار پالیانی اور سینیٹر گردیپ سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے فروغ و تحفظ اور انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ۔
دونوں سینیٹرز نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی ہماری ترجیح ہے اور ہم اس حوالے سے بھرپور طریقے سے کوشاں ہیں۔
یہ بات سینیٹرز صاحبان نے امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان کی میزبانی میں پاکستان ہاؤس میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کہی۔ دونوں سینیٹرز صاحبان کے ساتھ پاکستانی نژاد اقلیتی رہنما اور امریکہ کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے کمیونٹی رہنما بھی موجود تھے ۔
سفیر مسعود خان نے کہا کہ دورہ کرنے والے سینیٹرز صاحبان کو امریکہ میں اپنی ملاقاتوں کے دوران تکثیریت اور تنوع کے حوالے سے پاکستان کے مضبوط عزم کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کا موقع میسر آئے گا ۔
سینیٹر کمار اور سینیٹر سنگھ نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کو قومی دھارے میں لانے کے لئے مختلف حکومتوں کی جانب سے کی جانے والی قانون سازی، انتظامی اور قانونی اقدامات پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کرتارپور راہداری کھولنے، مندروں اور ملک بھر میں دیگر مذہبی مقامات کی بحالی سمیت حکومت ِ پاکستان کی جانب سے کیے گئے مختلف اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات اقلیتوں کے حوالے سے مضبوط حکومتی عزم کے عکاس ہیں۔سینیٹرز صاحبان نے کہا کہ اقلیتی باشندوں کو زندگی کے تمام شعبوں میں نمائندگی حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی دیگر قوم کی طرح ہمیں بھی اپنی اقلیتوں اور کمزور طبقات کے مکمل تحفظ کو یقینی بنانے کے حوالے سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن ہم پرعزم ہیں کہ ہم بحیثیت قوم اپنی ذمہ داری کو پورا کرنے میں کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے.سفیر پاکستان مسعود خان نے امریکہ میں موجود پاکستانی نژاد اقلیتی رہنماؤں کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کا اعتراف کیا جو پاکستان اور امریکہ کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کمیونٹی کا طرز عمل، خاص طور پر مختلف مذاہب اور عقائد سے تعلق رکھنے والی برادری کے رہنماؤں کی جانب سے اتحاد اور عوام کو یکجا رکھنے کی کوششیں ہمارے قومی کردار کا عملی ثبوت پیش کرتی ہیں کہ ہم امن، بقائے باہمی اور بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھتے ہیں۔ .
سفیر پاکستان نے اس موقع پر اقلیتی رہنما الیاس مسیح اور راج راٹھور کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کا اعتراف کیا۔سفیر خان نے سینیٹرز صاحبان کو امریکی محکمہ خارجہ اور امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی (یو ایس سی آئی آر ایف) کے ساتھ پاکستان کے جاری مذاکرات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔