گوا( نمائندہ خصوصی )
بھارت کے شہر گوا میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھارتی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ایس سی او اجلاس کیلئے بھارتی شہر گوا پہنچے ہیں۔
انہوں نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پہلے دن کی مصروفیات کے بارے میں بھی آگاہ کیاہے۔ بلاول بھٹو زرداری کے علاوہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اس اجلاس میں شرکت کیلیے آرگنائزیشن کے تمام رکن ممالک کے وزارئے خارجہ اس وقت گوا میں موجود ہیں۔پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اس وقت بھارتی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں اوربھارتی میڈیا اور صحافیوں نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی بھارت آمد پر اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ٹویٹ میں بلاول کا کہنا تھا کہ ہم ایس سی او کے موقع پر بھارت کے شہر گوا پہنچ چکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سب سے پہلے میری ملاقات روسی وزیر خارجہ سے ہوگی اس کے بعد وہ ازبکستان کے وزیر خارجہ سے ملیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے بتایا کہ ان ملاقاتوں کے بعد اجلاس میں شریک تمام وزرائے خارجہ کے لیے عشائیہ دیا جائے گا جس میں شرکت کیلئے میں وہاں جائوں گا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ آج کے دن ایک دو انٹرویوز بھی دیں گے۔