اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان سے جرمن کی وفاقی وزیر برائے اقتصادی تعاون اور ترقی، سوینجا شولز نے ملاقا ت کی ہے اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا ہے ،یہ ملاقات جرمنی کے دارالحکومت برلن میں پیٹرزبرگ کلائمیٹ ڈائیلاگ کے موقع پر ہوئی ،ملاقات کا مقصد دونوں ممالک کے بیچ کلائمیٹ ایڈاپٹیشن اور مٹیگیشن کے حوالے سے دوطرفہ تعاون کو بڑھانا اور نئے مواقع تلاش کرنا تھا،وفاقی وزیر شیری رحمان نے جرمن وفد کو گزشتہ سال کی بارشوں اور سیلاب کے بعد بحالی کے عمل کے حوالے سے آگاہ کیااور ملک بھر میں جاری غیر معمولی بارشوں اور نقصانات پرتفصیل سے آگاہ کیا ،شیری رحمان نے کلائمیٹ انرجی اقدام کے ذریعے پاکستان کی مدد کرنے پر جرمنی کا شکریہ ادا کیااور کہا کہ ان اقدامات میں کلائمیٹ رسک اسیسمنٹس، سب نیشنل کلائمیٹ رسک پروفائلنگ، ماحولیاتی تعلیم کو اعلیٰ تعلیم میں مرکزی دھارے میں لانے اور فنانس موبلائزیشن شامل ہیں۔اس موقع پرجرمن وزیر سوینجا شولز نے شیری رحمان کو حفاظتی اور اصلاحی اقدامات کے حوالے سے وسائل کو متحرک کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی ایڈاپٹیںشن اور مٹیگیشن کی صلاحیت کو بہتر بنانے کی یقین دہانی کرائی ،ملاقات میں پاکستان کے لیے گرین ہائیڈروجن سمیت دیگر شعباجات میں ممکنہ تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔